سعودی ہلالِ احمرنے حج 1446ھ کی تیاریوں کے تحت 7500 سے زائد طبی امدادی پیکجز مکمل کر لیے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زیادہ طبی اشیاء شامل ہیں۔ یہ سامان تین بنیادی اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے، تاکہ ایمبولینس گاڑیوں، طبی آلات اور ایمرجنسی بیگز کو فوری طور پر مہیا کیا جا سکے۔
طبی امداد اور سپلائی کی یونٹ یہ تمام پیکجز ایمبولینس ٹیموں کے حوالے کر رہی ہے تاکہ انہیں فوراً گاڑیوں میں منتقل کر کے اعلیٰ سطح کی سکیورٹی اور طبی سہولتیں حجاج کرام کو فراہم کی جا سکیں۔
تیاریوں میں 2700 سے زائد طبی استعمال کی اشیاء کے پیکجز، 1000 سے زیادہ ادویات کے پیکجز اور 1000 سے زائد بیگز شامل ہیں جن میں دونوں اقسام کی اشیاء موجود ہیں۔
ہلالِ احمر نے حرم مکی اور مشاعرِ مقدسہ میں تین موبائل طبی یونٹس (سند) بھی تعینات کیے ہیں جو 30 ہزار سے زیادہ طبی اشیاء سے لیس ہیں تاکہ فوری طبی ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
حج کے دوران ضرورت کے پیشِ نظر منیٰ اور مزدلفہ میں اسٹریٹجک اسٹورز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 2 لاکھ سے زائد طبی اشیاء محفوظ کی گئی ہیں۔ ادارے کا مجموعی طبی ذخیرہ 1 کروڑ 25 لاکھ سے زائد اشیاء اور ادویات پر مشتمل ہے، جنہیں مکہ مکرمہ کے تین اہم مقامات پر تقسیم کیا گیا ہے، جن میں 5 لاکھ سے زائد ادویات شامل ہیں۔
تین درجات پر مشتمل یہ طبی پیکجز 20 سے 30 معمولی اور 15 سے 20 شدید ہنگامی کیسز کے لیے فوری امداد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایمبولینسز میں بنیادی طبی آلات جیسے ڈفیبریلیٹر، آکسیجن سلنڈر، وائیٹل سائنز مانیٹر، سیال نکالنے کے آلات، لکڑی کی پٹیاں، گردن کی سپورٹ اور اعضا کو ساکت رکھنے والے اوزار بھی شامل کیے گئے ہیں۔
سپلائی و طبی تیاری کی یونٹ کو ہلالِ احمر کی فیلڈ سرگرمیوں میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، جو درکار طبی سامان کی منصوبہ بندی، فراہمی اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ تمام کوششیں حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی مظہر ہیں۔