سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور ان کے برطانوی ہم منصب جیمز کلیورلی نے اتوار کو سوڈان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے اور شہریوں کے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور جیمز کلیورلی نے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں وزرا نے سوڈان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور وہاں پھنسے ہوئے غیر ملکیوں کے حالات پر گفت و شنید کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ سوڈانی شہریوں اور رہائشیوں کو ضروری تحفظ فراہم کیا جائے اور سوڈانی سرزمین چھوڑنے کے خواہاں افراد کو محفوظ انسانی راستہ فراہم کیا جائے۔
ایس پی اے کے مطابق دونوں نے اپنی گفتگو میں سعودی عرب اور برطانیہ میں مضبوط تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا۔ مشترکہ تشویش کے معاملات پر روابط بڑھانے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی گئی۔