غیر مشروط رابطے کے لیے تیار ہیں: ٹرمپ کے مثبت اشارے کے بعد پوتین کا بیان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

کریملن نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین بغیر کسی پیشگی شرائط کے امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رابطے کے لیے تیار ہیں۔ پوتین نے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی تیاری کا خیرمقدم کیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ صدر پوتین نے بارہا کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت بین الاقوامی رہنماؤں سے رابطے کے لیے تیار ہیں۔

اس سے قبل نو منتخب امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین میں جنگ کو "ختم" کرنے کے لیے روسی صدر کے ساتھ ملاقات کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے فلوریڈا کے پام بیچ میں اپنی رہائش گاہ مار-اے-لاگو میں ریپبلکن گورنرز سے ملاقات سے پہلے کہا تھا کہ "وہ ملنا چاہتے ہیں اور ہم اس کا بندوبست کرنے کی تیاری کر رہے ہیں‘‘ ۔

ارب پتی ریپبلکن ٹرمپ نے مزید کہا کہ صدر پوتین ملنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اس جنگ کو ختم کرنا چاہیے جو حقیقی گڑبڑ کی نمائندگی کر رہی ہے۔

19 دسمبر کو ٹیلی ویژن پر سالانہ سوال و جواب کے سیشن کے دوران پوتین نے کہا کہ وہ ٹرمپ سے "کسی بھی وقت" ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ اگر ہم کبھی منتخب صدر ٹرمپ سے ملتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس بات کرنے کے لیے بہت کچھ ہوگا۔ یاد رہے ٹرمپ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ یوکرین میں جنگ 24 گھنٹوں کے اندر ختم کر دی جائے گی ۔ انہوں نے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کا مطالبہ کیا تھا۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعرات کو کہا تھا کہ پوتین ٹرمپ کی جانب سے رابطوں کی خواہش کا خیرمقدم کریں گے لیکن ابھی تک کوئی سرکاری درخواست نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کا انتظار کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا تھا کہ ٹرمپ روس کے ساتھ 34 ماہ پرانی جنگ کے نتائج کا تعین کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں اور پوتن کو روکنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں