یورپی کمیشن کی سربراہ کا طیارہ بلغاریہ میں روسی مداخلت کے باوجود بہ حفاظت اترنے میں کامیاب
برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے پیر یکم ستمبر کو ملنے والی رپورٹوں میں اس حوالے سے یورپی میڈیا میں سامنے آنے والی خبروں کی تصدیق کر دی گئی کہ اتوار 31 اگست کو بلغاریہ کی طرف پرواز کے دوران یورپی کمیشن کی خاتون صدر فان ڈئر لاین کے چارٹرڈ طیارے کا جی پی ایس نظام جام ہو گیا تھا۔
یورپی کمیشن کے ایک ترجمان نے برسلز میں کہا، ''ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ گزشتہ روز بلغاریہ کی طرف پرواز کے دوران فان ڈئر لاین کے طیارے کا گلوبل پوزیشننگ سسٹم یا جی پی ایس جام ہو گیا تھا، مگر یہ طیارہ بحفاظت اپنی منزل پر اتر گیا۔ ہمیں بلغاریہ کے حکام سے یہ اطلاعات ملی ہیں کہ انہیں شبہ ہے کہ اس ہوائی جہاز کے جی پی ایس سسٹم کا فریز ہو جانا روس کی طرف سے کھلم کھلا تکنیکی مداخلت کا نتیجہ تھا۔‘‘
نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس بارے میں ماسکو میں روسی حکومت کی طرف سے کچھ نہیں کہا گیا اور جب روئٹرز نے ماسکو حکومت سے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کی، تو اس کا بھی کوئی جواب نہ دیا گیا۔
فان ڈئر لاین کے طیارے کے جی پی ایس سسٹم کے غیر فعال بنا دیے جانے سے متعلق یورپی یونین کے حکام کی طرف سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم یونین کے ایک ترجمان نے یہ ضرور کہا کہ اس واقعے سے اس بلاک کا یہ عزم اور بھی مضبوط اور غیر متزلزل ہو گیا ہے کہ ساڑھے تین برس قبل کی جانے والی روسی فوجی مداخلت کے خلاف ''یوکرین کی حمایتاور اس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے‘‘ کی کوششیں تیز تر کر دی جائیں گی۔
اسی دوران بلغاریہ کی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی کمیشن کی صدر کے طیارے کا جی پی ایس سگنل اس وقت غائب ہو گیا تھا، جب یہ طیارہ جنوبی بلغاریہ میں ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر پلوودیو کی طرف پرواز پر تھا۔
اس واقعے کے فوری بعد قریبی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے اس ہوائی جہاز کی بحفاظت لینڈنگ کو یقینی بنانے کے لیے زمین سے کام کرنے والے نیوی گیشن سسٹم استعمال کرنا شروع کر دیے تھے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر رونما ہوا، جب فان ڈئر لاین یورپی یونین کی رکن ایسی ریاستوں کے چار روزہ دورے پر تھیں، جن کی سرحدیں روس سے ملتی ہیں۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق اس چارٹرڈ فلائٹ کو اپنے جی پی ایس سسٹم کی خرابی کے باعث مقررہ وقت سے تقریباﹰ ایک گھنٹہ زیادہ فضا میں ہی رہنا پڑا۔
-
روس ۔یوکرین جنگ بچوں کی لڑائی جیسی ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین اور یوکرینی صدر ولای ...
بين الاقوامى -
انڈونیشیا احتجاجی صورتحال میں 'ٹک ٹاک' نے لائیو سروسز عارضی طور پر پر معطل کردیں
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ' ٹک ٹاک' نے اعلان کیا ہے کہ انڈونیشیا میں حالیہ احتجاج کی ...
بين الاقوامى -
بھارت روسی درآمدات سے 'منافع خوری' نہیں کر رہا: بھارتی وزیر
بھارت کے وزیر برائے تیل ہردیپ سنگھ پوری نے پیر کے روز دی ہندو اخبار میں کہا کہ ...
بين الاقوامى