غزہ : عمارت پر اسرائیلی بم باری میں 20 بے گھر فلسطینی جاں بحق
غزہ میں شعبہ صحت کے مطابق ایندھن ختم ہونے کے نتیجے میں ہسپتال بند ہونے کے قریب ہیں
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج بدھ کو اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر کے فراس بازار کے قریب واقع ایک عمارت پر بم باری کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ اس عمارت میں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
اس سے قبل طبی ذرائع نے منگل کی شام بتایا کہ اسرائیلی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے ایک روز کے اندر 36 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
غزہ کے شعبہ صحت نے منگل کو خبردار کیا کہ ایندھن کی کمی کے باعث چند ہی دنوں میں ہسپتال مکمل طور پر بند ہو سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ "غزہ کے باقی رہ جانے والے ہسپتالوں میں ایندھن کی قلت انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ چند دنوں میں اہم شعبہ جات کی سرگرمیاں رکنے کا امکان ہے، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ صحت کا بحران مزید شدید ہو جائے گا اور مریضوں اور زخمیوں کی جانیں یقینی طور پر خطرے میں پڑ جائیں گی۔"
شعبہ صحت نے مزید واضح کیا کہ "ایندھن کی فراہمی رک جانے کے باعث اسپتالوں میں بجلی کی سپلائی کے لیے کی جانے والی تکنیکی اور انجینئرنگ شیڈولنگ بھی ناکام ہو گئی ہے۔"
اس سے قبل پیر کو شعبہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ غزہ شہر کے شمالی حصے میں واقع دو ہسپتال اسرائیلی زمینی حملوں کے بڑھنے اور مسلسل بم باری سے پہنچنے والے نقصانات کے باعث خدمات سے باہر ہو گئے ہیں، جب کہ اسرائیلی ٹینک شہر کے اندر تک پیش قدمی کر چکے ہیں۔