غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی پر افراتفری ، اسرائیل نے فلسطینیوں کی رہائی مؤخر کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

آج غزہ کی پٹی میں حماس تنظیم کی جانب سے 3 اسرائیلی اور 5 تھائی یرغمالیوں کو صلیب احمر کے حوالے کیے جانے کے بعد مغربی کنارے میں درجنوں فلسطینیوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی رہائی کے منتظر ہیں ... تاہم اسرائیل نے رام اللہ کے مغرب میں واقع عوفر جیل سے مذکورہ فلسطینیوں کی رہائی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر دفاع (یسرائیل کاتز) نے آئندہ مراحل میں اسرائیلی یرغمالیوں کی محفوظ روانگی کی ضمانت ملنے تک فسلطینی قیدیوں کی رہائی مؤخر کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

ایک اسرائیلی ذمے دار نے بتایا کہ تل ابیب نے فلسطینیوں کی رہائی غزہ پٹی کی جنوبی شہر خان یونس میں ہونے والی افراتفری اور بھگدڑ کے جواب میں مؤخر کی ہے۔ یہ صورت حال القسام اور القدس بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی خاتون قیدی اربیل یہود اور اسّی سالہ مرد قیدی گادی موزیز کی صلیب احمر کو حوالگی کے موقع پر دیکھنے میں آئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق فسلطینی قیدیوں کی جو بسیں عوفر جیل کے سامنے کھڑی تھیں انھیں واپس بھیج دیا گیا۔ ان بسوں کے نزدیک قیدیوں کے اہل خانہ بھی اکٹھا ہو گئے تھے۔

دوسری جانب دیگر اسرائیلی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ مقررہ فلسطینیوں کو آج رات رہا کیا جائے گا۔ یہ بات اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتائی۔

ادھر حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تنظیم وساطت کاروں کے ساتھ قیدیوں کی رہائی میں رکاوٹ کا جائزہ لے رہی ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نے خان یونس میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے موقع پر افراتفری اور بھگدڑ کے مناظر کی شدید مذمت کی۔ نیتن یاہو نے کہا کہ "جو کچھ ہوا وہ دہشت گرد تنظیم حماس کی نا قابل بیان سخت گیری کی اضافی دلیل ہے"۔

آج صلیب احمر کو حوالگی کے موقع پر اسرائیلی خاتون قیدی اربیل یہود القسام بریگیڈ کے درجنوں ارکان کے حصار میں نظر آئی۔

یاد رہے کہ آج آزاد کیے جانے والے تین اسرائیلی قیدیوں کے مقابل اسرائیل کو 110 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرنا ہے۔

اب تک دو قسطوں میں 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو 290 فلسطینیوں کے مقابل رہا کیا جا چکا ہے۔ آزاد ہونے والے فلسطینیوں میں 121 افراد عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں