اسرائیل نے آج جمعے کے روز جنوبی لبنان کے علاقے صیدا میں واقع قصبے البیساریہ کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا۔
اس سے قبل اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جمعرات کی شب لبنان میں مختلف علاقوں پر سلسلہ وار حملے کیے۔ ان حملوں میں البقاع، جرد جنتا، جرد النبی الشیت اور جرد بیتال کے علاقے شامل ہیں۔ اسی طرح جنوبی لبنان میں حومین، رومن اور زفتا کے قصبوں پر بھی بم باری کی گئی۔ سرحدی قصبے کفرکلا میں گھروں کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا اور یہاں کے رہائشیوں کو واپس آنے سے روک دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ایک بار پھر جنوبی لبنان کے لوگوں کو دھمکی دی ہے۔ ادرعی نے خبردار کیا کہ وہ سرحد کی سمت حرکت میں نہ آئیں۔ ادھر لبنانی صدر جوزف عون نے اقوام متحدہ کے ذمے داران سے ملاقات میں قرار داد 1701 پر عمل درآمد اور مقبوضہ اراضی سے اسرائیلی فوج کے انخلا پر زور دیا۔
اسی طرح لبنان اور شام کی سرحد پر جھڑپوں کے بعد صورت حال کشیدہ نظر آ رہی ہے۔ القصیر کے دیہی علاقے میں جھڑپوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ اس دوران میں علاقے کے لوگوں اور عسکری فورسز کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی کارروائی ہوئی۔ یہ علاقہ حزب اللہ کا گڑھ شمار کیا جاتا ہے۔
یہ صورت حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک امریکی وفد بیروت کا دورہ کر رہا ہے۔ وفد میں صدارتی ایلچی کی نائب خاتون مورگن اورٹیگاس اور قومی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے ذمے دار ایرک ٹریگر شامل ہیں۔ یہ وفد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فارئر بندی کے معاہدے اور لبنانی حکومت کی تشکیل کا جائزہ لے گا۔ اس دوران توقع ہے کہ اسرائیل سے فائر بندی کے معاہدے میں 30 مارچ تک کی توسیع کا مطالبہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لبنان اور اسرائیل نومبر 2024 میں فائر بندی کے معاہدے تک پہنچے تھے جو اس وقت کے امریکی نمائندے آموس ہوکسٹائن کی وساطت سے طے پایا تھا۔ معاہدے کی رو سے جنوبی لبنان سے اسرائیل کا انخلا عمل میں آئے گا۔ معاہدے میں رواں ماہ 18 فروری تک توسیع کی گئی تھی۔ ایک پانچ رکنی کمیٹی معاہدے پر عمل درآمد کی ذمے دار ہے۔ کمیٹی میں امریکا، فرانس، اقوام متحدہ کی امن فوج (یونیفل)، لبنان اور اسرائیل شامل ہیں۔
لبنانی صدر جوزیف عون نے آج جمعے کے روز بعبدا پیلس میں مورگن اورٹیگاس سے ملاقات کی۔ لبنانی ایوان صدارت سے جاری بیان کے مطابق مشرق وسطی کے لیے امریکی نمائندے کی نائبہ نے اس موقع پر لبنان اور اس کے عوام کے لیے امریکی سپورٹ کو باور کرایا۔
-
لبنانی فوج جنوب میں تعینات اور تیار ہے: یونیفل
اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ...
بين الاقوامى -
لبنان : صدر جوزف عون کو اسرائیلی فوجی انخلاء کے لیے فرانس کی مدد کی تلاش
لبنان کے صدر جوزف عون نے فرانس پر ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے ...
مشرق وسطی -
حزب اللہ کو لبنان کی حکومت کا حصہ نہیں ہونا چاہیے: امریکی نائب ایلچی برائے شرقِ اوسط
"گروپ کو شکست دینے پر ہم اسرائیل کے شکرگذار ہیں"
مشرق وسطی