کویت : معروف مصنف اور فنی پروڈیوسر شہریت سے محروم

کویت میں شہریت کی فائلوں کی سخت جانچ پڑتال کا عمل جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

کویت میں حکومت نے معروف مصنف اور فنی پروڈیوسر عیسیٰ العلوی کی شہریت منسوخ کر دی ہے۔ وہ "فروغی" پروڈکشن کمپنی کے مالک ہیں جو خلیج میں فنی، فلمی اور تھیٹریکل پروڈکشن کی ایک نمایاں کمپنی شمار ہوتی ہے۔ یہ بات العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرنے والے خصوصی ذرائع نے بتائی۔

ذرائع کے مطابق شہریت کی جانچ پڑتال کرنے والی اعلیٰ کمیٹی نے گزشتہ روز عیسیٰ العلوی سمیت متعدد شخصیات کی شہریت منسوخ کی۔ حالیہ کارروائی میں مجموعی طور پر 363 افراد کی شہریت واپس لے لی گئی، جن میں وہ بھی شامل ہیں جنہوں نے شہریت ان افراد کے تابع حاصل کی تھی۔

اس فیصلے کے بعد عیسیٰ العلوی بھی ان فن کاروں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جن کی شہریت کویت کی حکومت اس سے قبل منسوخ کر چکی ہے۔ اس فہرست میں مشہور فنکارہ نوال اور اداکار داؤد حسین بھی شامل ہیں۔ ان اقدامات کے بعد یہ سوالات اٹھائے گئے کہ آخر ان فن کاروں کی فنی خدمات کو کیوں مدِ نظر نہیں رکھا گیا؟.

اس حوالے سے کویت کے وزیرِ داخلہ شیخ فہد الیوسف الصباح نے ایک سخت جواب دیا۔ الصباح کا کہنا تھا کہ "انھوں نے کویت کے لیے کیا خدمات انجام دی ہیں؟"۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان میں سے زیادہ تر افراد کے پاس دیگر ممالک کی شہریت بھی موجود ہے، جو کہ کویتی آئین کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ کویت کا آئین دہری شہریت کی اجازت نہیں دیتا ہے۔

الصباح نے واضح کیا کہ کویت میں تمام شہریت کے معاملات سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ان کے ساتھ پوری سنجیدگی اور سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مختلف ممالک کے ساتھ جاری تعاون اور معلومات کے تبادلے کے نتیجے میں متعدد جعل سازوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک تقریباً 50 ہزار شہریتیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں