ایرانی ڈرونز فضا میں تباہ ، ٹکڑے گرنے کے باعث راس تنورہ ریفائنری میں معمولی آگ

تیل کی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دو ڈرونز کو تباہ کرنے کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے راس تنورہ ریفائنری کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دو ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔

المالکی نے العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے نتیجے میں شہریوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ریفائنری کے اندر گرے ہوئے ٹکڑوں کی وجہ سے معمولی آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر فوری قابو پا لیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ حکام نے واقعے سے نمٹنا شروع کر دیا ہے اور تنصیب کی حفاظت اور کام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز نے اطلاع دی ہے کہ ڈرون حملے کے بعد سعودی عرب کے مشرقی حصے میں واقع سعودی آرامکو کمپنی کی راس تنورہ ریفائنری کو بند کر دیا گیا ہے۔ روئٹرز نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ریفائنری کے اندر صورتحال اب قابو میں ہے اور اسے احتیاطی طور پر بند کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایران خلیج بھر میں ہوائی اڈوں، فوجی تنصیبات، بندرگاہوں اور ہوٹلوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کر رہا ہے۔

ادھر سعودی وزارت خارجہ نے مملکت اور متعدد برادر ممالک کو نشانہ بنانے والے "سفاکانہ ایرانی حملوں" کے تناظر میں سعودی عرب میں تعینات ایرانی سفیر علی رضا عنایتی کو طلب کر لیا۔

سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید الخریجی نے ایرانی سفیر کی طلبی کے دوران سعودی عرب اور خلیجی ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں پر مملکت کی جانب سے شدید غم و غصے، مذمت اور ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ممالک کی خود مختاری کی خلاف ورزی کو قطعی طور پر مسترد کیا جو علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث ہے۔ اسی سیاق میں ولید الخریجی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اپنی سکیورٹی کے دفاع اور اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

دیگر خلیجی ممالک نے بھی اسی طرح کے اقدامات کیے ہیں اور اپنے دارالحکومتوں میں تہران کے سفیروں کو طلب کر کے خلیجی ممالک کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر اپنا دو ٹوک موقف اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں