لبنان: بیروت اور مضافات پر اسرائیلی بمباری میں سینکڑوں افراد کی اموات
لبنانی دارالحکومت کی سڑکوں پر خوف و ہراس کی لہر
اسرائیل نے لبنان میں بیروت کے کئی محلوں اور حزب اللہ کے گڑھ جنوبی ضاحیہ پر شدید فضائی حملے کردیےجس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
لبنانی وزارت صحت نے مرنے والوں کی تعداد 112 اور زخمیوں کی 837 بتائی ہے۔ لبنانی شہری دفاع کے ادارے نے کہا کہ بدھ کے روز ہونے والے حملوں میں 254 اموات اور 1165 افراد کے زخمی ہوگئے ہیں۔
بیروت اور جنوبی ضاحیہ کے متاثرہ علاقوں سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور دارالحکومت کی سڑکوں پر شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 2 مارچ سے شروع ہونے والی جنگ میں حزب اللہ کی شمولیت کے بعد سے یہ لبنان پر سب سے بڑی بمباری ہے۔ اس بمباری میں حزب اللہ کے تقریباً 100 ہیڈ کوارٹرز اور فوجی ڈھانچے کے اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا۔
فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے بیروت، بقاع اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے تقریباً 100 ٹھکانوں پر حملہ کیا اور یہ کارروائی مسلسل دس منٹ تک کی گئی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ "شیر کی دہاڑ" آپریشن کے آغاز سے اب تک حزب اللہ کے ڈھانچے پر کیا گیا سب سے بڑا حملہ ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا لبنان پر وسیع پیمانے پر کیے گئے حملوں میں حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔ یسرائیل کاٹز نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے پورے لبنان میں کمانڈ سینٹرز میں موجود حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان پر اچانک حملہ کیا ہے۔ یہ ستمبر 2024 کے پیجر دھماکوں کے بعد حزب اللہ پر سب سے کاری ضرب ہے۔
اسی تناظر میں خبر رساں ادارے ’’ رائٹرز ‘‘ نے لبنانی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ بمباری کا حالیہ دور اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کی شدید ترین بمباری ہے۔
عینی شاہدین نے ’’ رائٹرز ‘‘ کو بتایا کہ بیروت کے رہائشیوں نے اپنی گاڑیاں پرہجوم سڑکوں پر چھوڑ دیں اور زخمی حالت میں پیدل ہی قریبی ہسپتالوں کی طرف بھاگنے لگے۔ ان کے جسم خون میں لت پت تھے۔ لبنانی وزیر صحت رکان ناصر الدین نے "رائٹرز" کو بتایا کہ ہمارے ملک کے ہسپتال متاثرین سے بھر چکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پورے لبنان میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
اسی حوالے سے لبنانی ریڈ کراس نے بیروت پر اسرائیلی حملے میں 80 سے زیادہ اموات اور 200 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ لبنانی وزارت صحت نے کم از کم 112 افراد کے جاں بحق ہونے اور 837 سے زائد زخمیوں کا اعلان کیا ہے۔ شہری دفاع نے اموات کی تعداد 254 اور زخمیوں کی 1165 بتائی ہے۔
جلد بازی نہ کرنے کی اپیل
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لبنانی فوج نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی بمباری کے جاری رہنے کے باعث جنوبی دیہاتوں اور قصبوں کو واپسی میں جلد بازی نہ کریں۔
فوج کی کمان نے ایک پریس بیان میں کہا کہ علاقائی صورتحال اور جنگ بندی کی خبروں کے تناظر میں وہ شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ جنوبی دیہاتوں کی طرف واپسی میں صبر کریں اور ان علاقوں کے قریب نہ جائیں جہاں اسرائیلی افواج داخل ہوئی ہیں تاکہ ان کی سلامتی برقرار رہے۔ ایسا خاص طور پر اس لیے کیا جائے کہ وہ مسلسل اسرائیلی جارحیت کی زد میں آ کر اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے سے بچ جائیں۔
فوج نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ تعینات فوجی یونٹوں کی ہدایات پر عمل کریں اور اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بچ جانے والے بغیر پھٹے گولہ بارود اور مشکوک اشیاء سے ہوشیار رہیں۔ اسی طرح حزب اللہ نے بھی آج جنوب، بقاع اور بیروت کے جنوبی ضاحیہ کے مکینوں سے کہا ہے کہ وہ لبنان میں جنگ بندی کے حتمی سرکاری اعلان سے قبل اسرائیلی نشانہ بننے والے علاقوں کا رخ نہ کریں۔ ان انتباہات کے باوجود جنوب کی طرف جانے والی شاہراہوں پر گھریلو سامان سے لدی گاڑیوں کا رش دیکھا گیا کیونکہ بہت سے لوگ اپنے گھروں کو واپس جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر نے بدھ کے روز کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف حملے روکنے کے امریکی فیصلے کی حمایت کرتے ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دو ہفتوں پر محیط یہ جنگ بندی لبنان میں فوجی کارروائیوں پر لاگو نہیں ہوتی۔ لبنانی حکومتی عہدیدار نے "ڈی پی اے" کو بتایا کہ لبنان کو اب تک ملک میں جنگ بندی کے حوالے سے کوئی باضابطہ رابطہ موصول نہیں ہوا ہے۔
-
اسرائیل نئی سفاکیت اور قتل عام کا مرتکب، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں:لبنانی ایوانِ صدر
لبنان پر وسیع پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملوں میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور ...
بين الاقوامى -
ماکروں کا فائر بندی معاہدے کا خیر مقدم ، لبنان کو بھی شامل کیے جانے پر زور
اسرائیل ایران پر بم باری معطل کیے جانے کی حمایت کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس ...
مشرق وسطی -
ایران کے ساتھ معاہدہ "مکمل فتح" ہے : ٹرمپ ... جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہو گی :نیتن یاہو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے معاہدے ...
بين الاقوامى