مصری صدر السیسی کا علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کا مطالبہ
سفارتی عمل کو مضبوط بنانے کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خطے میں کشیدگی اور تصادم کو روکنے کے لیے حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مطلوبہ سکون کے حصول کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر السیسی نے قاہرہ میں فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سفارتی راستے کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پرامن حل تک پہنچنے کے مواقع کی حمایت کی جا سکے اور تصادم کے دائرے کی وسعت کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں متعدد علاقائی اور عالمی مسائل، خاص طور پر مشرق وسطیٰ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے جس میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات خطے کی حدود سے باہر تک پھیل چکے ہیں۔ صدر السیسی نے علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے حصول کے لیے مختلف شراکت داروں کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
صدرا لسیسی نے خلیج عرب کے ممالک اور دیگر عرب ممالک کے خلاف بلا جواز حملوں کی مکمل تردید اور شدید مذمت کرتے ہوئے عرب ممالک کی سکیورٹی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا کیونکہ یہ مصر کی قومی سلامتی کا اٹوٹ حصہ ہے۔
انہوں نے فلسطینی علاقوں کی وحدت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی یا نیا اسٹیٹس کو مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی عوام کی بڑھتی ہوئی مشکلات اور ان کے خلاف ہونے والی مسلسل خلاف ورزیوں کے پیش نظر غزہ کی پٹی اور مغربی کنارہ کی صورتحال سے توجہ نہیں ہٹنی چاہیے۔
مصر ی صدر نے لبنان اور لیبیا کی صورتحال میں ہونے والی تبدیلیوں پر بھی روشنی ڈالی اور سوڈان میں جنگ بندی کے حصول اور انسانی تکالیف کو کم کرنے کے لیے علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے کی جانے والی مصری کوششوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے سوڈان کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے مصر کے اصولی موقف کا اعادہ کیا اور اسے تقسیم کرنے یا متوازی ادارے قائم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے اسے مصر کی قومی سلامتی کے لیے ریڈ لائن قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بات چیت میں مصر اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کا بھی ذکر ہوا جس میں انہوں نے باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت اور اس شراکت داری کی حمایت و ترقی میں فن لینڈ کے ممکنہ کردار پر زور دیا۔
مصری ایوانِ صدر کے ترجمان محمد الشناوی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ فن لینڈ کے صدر نے دورہِ مصر پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں وسیع تر افق تک لے جانے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دونوں ممالک کے پاس موجود وسائل کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھایا جا سکے اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی و عالمی بحرانوں پر مشاورت کی جا سکے۔
-
پاکستان اور مصر کی دو ہفتوں پر محیط مشترکہ فوجی مشقیں مکمل
پاکستان اور مصر کی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں مکمل ہو گئی ہیں۔ 'تھنڈر ٹو' کے ...
پاكستان -
مصر ی پارلیمنٹ کی منشیات کے عادی یا ذہنی بیمار شوہر سے طلاق آسان بنانے کی تجویز
مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ہدایات کے بعد جن میں پرسنل اسٹیٹس قانون پر ازسرِنو ...
بين الاقوامى -
غزہ میں پناہ گزینوں کی مشکلات... گولہ باری سے لے کر چوہوں اور حشرات کے حملوں تک
اقوام متحدہ کے مطابق کیمپوں میں بسنے والوں کو چوہوں اور طفیلی کیڑوں کی بھرمار کا ...
بين الاقوامى