اسرائیل کی فوج نے جنوبی لبنان کےشہر صور میں ایک گاڑی کو نشانہ بنانے کے لیے حملہ کیا ہے۔ حملہ پیر کے روز کیا گیا۔ لبنانی ریاستی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اس کے باوجود پیر کے روز بھی لبنان میں حملے جاری رکھے کہ ایران نے اسرائیل کو جوابی حملوں کی دھمکی دے رکھی ہے۔
اسرائیلی دشمن نے اپنے اس حملے میں جنوبی لبنان میں کار کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ سرکاری خبر رساں ادارے 'نیشنل نیوز ایجنسی' کے مطابق یہ کار میزائل حملے کے وقت شہر صور میں ہلال احمر کے دفتر کے نزدیک سے گزر رہی تھی۔
دریں اثنا اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے لبنان سے داغے گئے تین میزائلوں کو راستے میں ہی روک دیا ہے۔ مغربی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے میزائل حملہ روکنے کے اس واقعے کی لبنان اسرائیل سرحد کے نزدیکی ویڈیو بھی بنائی ہے۔
'اے ایف پی' سے وابستہ صحافی نے تین دھماکوں کو فلمایا جو آسمان کی طرف دیکھے گئے تھے۔ اس سے پہلے اسرائیلی علاقے میں خطرے سے آگاہ کرنے والے سائرن بھی بجائے گئے۔ تاکہ اسرائیلی شہری بنکروں میں چھپ جائیں۔
اسرائیلی فوج کا بھی کہنا ہے کہ اس نے تین میزائل حملوں کا پتہ چلایا جو لبنان سے اسرائیلی علاقے میں فائر کیے گئے تھے۔ ان میں سے بعض کو اسرائیلی سرحد عبور کرنے سے پہلے ہی روک دیا گیا۔ جبکہ ایک میزائل اسرائیلی فوجیوں کے قریب گرا۔ تاہم واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔