پاکستان کا جوابی حملہ، پانچ بھارتی جنگی طیارے، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ
پاکستان کے چھ مقامات پر بھارت کے 24 میزائل حملے؛ 26 ہلاکتیں، 46 افراد زخمی
پاکستان کی مسلح افواج نے رات گئے بھارتی میزائل حملے کے جواب میں بھارتی فضائیہ کے تین رافیل سمیت پانچ جنگی طیارے مارے گرائے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا گیا جبکہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے جورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستان نے بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، بھارتی طیاروں کو بھارت کی حدود میں مار گرایا، تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں تین رافیل، ایک سخوئی 30 اور ایک مگ شامل ہے جبکہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔
وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔
ادھر افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں چھ مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جن میں 26 اموات ہوئیں جبکہ 46 افراد زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کی علی الصبح نیوز بریفنگ میں تصدیق کی کہ بھارت نے پاکستان میں پانچ جگہوں پر فضا سے میزائل داغے ہیں جن میں مریدکے، احمدپور شرقیہ، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان وقت کا تعین کر کے بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دے گا۔ان کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف زمین اور فضا سے جوابی کارروائی جاری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے احمد پور شرقیہ میں مسجد کو نشانہ بنایا جس میں پانچ افراد مارے گئے جبکہ 31 زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین سال کی ایک بچی بھی شامل ہے۔ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا، مظفر آباد میں شاہی والی جگہ پر مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک مرد کی جان چلی گئی جبکہ ایک زخمی ہے۔
کوٹلی میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا، 16 سال کی لڑکی اور 18 سال کا لڑکا مارے گئے۔سیالکوٹ کے شمال میں کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے تمام سٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹیاں سنبھالنے کا حکم دیا ہے۔پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملے کو بھی طلب کر لیا ہے۔پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے تینوں حملے سویلین آبادی پر اپنی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے کیے۔ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ذرا سامنے آئیں، ہم ان کے ساتھ دو دو ہاتھ کرتے ہیں۔ بھارت نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب بھارت کی وزارت دفاع نے رات گئے ایک اعلامیے میں دعوی کیا کہ انڈین آرمی نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں نو اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے بھارت کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور احکامات دیے گئے۔
بھارت نے دعوی کیا ہے کہ اس نے آپریشن سندور کے تحت مجموعی طور پر نو اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں نہایت محتاط، محدود اور غیر اشتعال انگیز نوعیت کی تھیں، جن میں کسی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔