بھارتی پولیس نے جمعرات کو کہا کہ تین کم سن بہنوں کی مشتبہ خودکشی کے بعد ان خدشات پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے کہ وہ آن لائن گیمز اور فلموں سے بہت زیادہ "متأثر" تھیں جن تک رسائی سے بعد میں انہیں روک دیا گیا۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ 12، 14 اور 16 سال کی بہنوں نے بدھ کے روز ملک کے دارالحکومت کے مضافات میں غازی آباد شہر میں اپنے گھر کی چھت سے چھلانگ لگا دی تھی۔
حالیہ برسوں میں ماہرین اور ریگولیٹرز میں اس بات پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے کہ بہت زیادہ سکرین ٹائم اور لت لگانے والے الگورتھم بچوں کی نشوونما کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس کی بنا پر مختلف ممالک بشمول بھارت میں حکام زور دے رہے ہیں کہ بچوں اور نوعمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگائی جائے۔
ایک سینئر پولیس اہلکار نمیش پاٹل نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا، "خودکشی کے ایک نوٹ اور ان کے فون کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے۔"
بھارت میں پولیس معمول کے مطابق ان عوامل کی تحقیق کرتی ہے جو مشتبہ خودکشیوں کا باعث بنتے ہیں۔
تینوں بہنوں کو کے پاپ میوزک اور کورین گیمز اور فلموں تک "رسائی سے منع" کر دیا گیا تھا جو وہ پہلے آن لائن کھیلتی اور دیکھتی تھیں۔
"وہ کوریائی ثقافت سے متاثر تھیں: کے پاپ موسیقی، گیمز اور فلمیں،" پاٹل نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاندان بھی بظاہر مالی پریشانی کا شکار تھا۔
انڈین ایکسپریس اخبار نے اطلاع دی کہ ان کے والد نے حال ہی میں ان کے فونز چھین لیے تھے اور انہیں کورین ڈرامے دیکھنے اور آن لائن گیمز کھیلنے سے روک دیا تھا۔ اے ایف پی تبصرے کے لیے اہلِ خانہ سے فوری رابطہ نہیں کر سکا۔
کورین ثقافت نے گذشتہ عشروں میں بھارت میں بالخصوص نوجوانوں میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے جس کا آغاز ریپر سائی کے 2012 کے ہٹ "گینگنم سٹائل" سے ہوا اور پھر یہ کورین ڈراموں اور سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر موجود کے پاپ میوزک کے ذریعے بہت پھیل گیا۔
اس معاملے پر بھارت میں بحث کا آغاز ہوا ہے اور ان خدشات کو میڈیا میں بہت کوریج ملی ہے کہ نوجوانوں کے حد سے زیادہ آن لائن رہنے سے ان کے ذہنی صحت کے خدشات میں بہت اضافہ ہوا ہے۔
دو بھارتی ریاستوں نے حال ہی میں کہا کہ وہ بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے راہ ہموار کر رہی ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر حکومتیں بچوں اور نوعمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیوں پر غور کر رہی ہیں جبکہ آسٹریلیا نے دسمبر میں 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل نیٹ ورکس پر پابندی لگا دی ہے۔
فرانسیسی قانون سازوں نے گذشتہ ماہ ملک کے ایوانِ زیریں میں ایک بل منظور کیا تھا جس کی سینیٹ سے توثیق ہو جانے پر 15 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر اور ہائی سکولوں میں موبائل فون پر پابندی لگا دی جائے گی۔
-
ٹرمپ کا تجارتی معاہدے کا اعلان، بھارت کا بخوشی لیکن احتیاط کے ساتھ خیرمقدم
بھارتی برآمد کنندگان نے منگل کے روز ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ-بھارت تجارتی معاہدے کے ...
بين الاقوامى -
اٹلی : بھارتی اڈانی گروپ اور لیونارڈو کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
بھارتی اور اطالوی کمپنیوں نےدوطرفہ ابتدائی معاہدے پر منگل کے روز دستخط کیا ہیں۔ ...
بين الاقوامى -
’فلائی ناس‘ شام میں ایئرلائن قائم کرے گی، سعودی عرب کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری متوقع
العربیہ بزنس کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی ایئرلائن ’فلائی ناس ‘شام میں ایک ...
مشرق وسطی