ریاض میں ہلکی اور مسلسل بارش ... بعض علاقوں میں ژالہ باری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کے سرکاری ترجمان حسین القحطانی نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز ریاض میں ہونے والی بارش مجموعی طور پر ہلکی اور مسلسل نوعیت کی تھی، جو بغیر گرج چمک کے زمین کو سیراب کرتی ہے۔ تاہم بعض محلوں میں درمیانی سے تیز بارش بھی ریکارڈ کی گئی، جبکہ شام کے وقت ژالہ باری بھی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دار الحکومت میں بارش کی سب سے زیادہ مقدار 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ پورے صوبے میں سب سے زیادہ یعنی 24 ملی میٹر بارش کنگ خالد ریزرو میں ریکارڈ کی گئی۔ القحطانی کے مطابق سوشل میڈیا پر بعض مقامات کے ڈوبنے سے متعلق گردش کرنے والی وڈیوز اور اطلاعات درست نہیں اور حقیقی موسمی صورت حال کی عکاسی نہیں کرتیں، اس لیے عوام کو مستند اور سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرکز نے تبوک اور حائل کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے امکانات پر نظر رکھی ہوئی ہے جہاں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جانے کی توقع ہے۔

اسی تناظر میں قومی مرکز برائے موسمیات نے آج کی موسمی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ ریاض، مشرقی صوبہ اور شمالی سرحدی صوبے کے بعض حصوں میں درمیانی سے تیز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ ان بارشوں کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ تبوک، الجوف، حائل اور القصیم کے بعض علاقوں میں درمیانی بارش اور دھند بننے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مرکز نے تبوک اور حائل کے بلند علاقوں، نیز مدینہ منورہ کے شمال مشرقی پہاڑی حصوں میں ہلکی برف باری اور کہر جمنے کے امکانات کی بھی نشان دہی کی ہے۔ مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں جزوی سے مکمل ابر آلود موسم کے ساتھ گرج چمک والی بارش ہو سکتی ہے۔

بحیرہ احمر میں ہوائیں شمال مغربی سے شمالی سمت میں چلیں گی، جن کی رفتار بعض مقامات پر تیز ہو سکتی ہے، جبکہ خلیج عرب میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں اور بلند لہروں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں